اسلام آباد (خبرایجنسی، جنگ نیوز)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شاہ رخ جتوئی کے معاملے میں جو بھی ملوث ہوگا اسے سزا دی جائیگی،مجرموں کی اسپتال میں موجودگی غلط ہے،سانحہ مری پر ہر انسان کا دل دہل گیا، یہاں مری کی طرح کوئی مرا نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہاکہ شاہ رخ جتوئی سمیت جس کو بھی انتظامیہ کے بندے نے مدد فراہم کی اسکے خلاف کارروائی ہوگی ، مری میں لوگ اپنے خاندانوں سمیت ٹھٹھر کر مر گئے، اسلام آباد سے ایک گھنٹے کی مسافت پر سانحہ رونما ہوا۔
سانحے کے ردعمل کو سب نے بخوبی دیکھ لیا، حکومت کی بے حسی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے،سمجھ نہیں آتا کس پر تنقید کریں ، پنجاب اور وفاقی وزراء کہتے ہیں انتظامیہ نے اچھا کام کیا ، سانحہ مری پر ہر انسان کا دل دہل گیا، حکومت کہہ رہی ہے لوگ وہاں کیوں گئےایسے بے حس حکمران پہلے کبھی نہیں دیکھے۔
حکومت کہہ رہی ہے لوگ خود ذمہ دار ہیں کہ وہ مری کیوں گئے اور گاڑی میں کیوں بیٹھے، پہلے حکومت خود ہی تعریفیں کر رہی تھی کہ اتنے لوگ مری پہنچ گئے، یہاں مری کی طرح کوئی مرا نہیں۔
یہ پاکستان میں مہنگائی نہ ہونے کا بیان دیکر غریبوں کا دل دکھاتے ہیں، وزراء کام کریں نہ کریں، ٹوئٹ ضرور کرتے ہیں۔
انہیں صرف ٹوئٹ کا شوق ہے،وفاقی حکومت اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر لگادیتی ہے، آٹا چینی یوریا کھاد بحران کا الزام سندھ حکومت پر لگادیا گیا۔
اگر تمام مسائل سندھ حکومت پیدا کر رہی ہے تو ہٹ جائیں ہمیں ملک چلانے دیں۔