کوئٹہ (نمائندہ جنگ)خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی نے خضدار میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے سیکورٹی فورسز پر حملوں اور حب میں سیاسی و قبائلی رہنما کو بم سے نشانہ بنانے میں ملوث کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت چار دہشتگرودں کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جبکہ بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹر ز اور پرائما کارڈز قبضے میں لے لئے، سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعد م تنظیم نے خضدار میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی ہے اس مقصد کیلئے تنظیم کا اہم کمانڈر ظفر علی اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ خضدار کے علاقے ساسول روڈ پر موجود ہیں جس پر سی ٹی ڈی خضدار کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کمانڈر ظفر علی سمیت چار دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 726گرام دھماکا خیز راڈز ، اینٹینا، ڈیٹو نیٹرز، پرائما کارڈز اور دیگر اہم دستاویزات برآمد کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ،ذرائع نے بتایا کہ گرفتار کمانڈر سمیت دہشت گردوں سیکورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور گزشتہ سال حب میں سیاسی و قبائلی رہنما اکرم ساجدی کی گاڑی میں بم نصیب کرنے سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔