• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک پراپرٹی کیس، آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے ایڈمسٹریٹیو جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری کی نیو یارک پراپرٹی کیس میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے کہاکہ نیب انکوائری کی حد تک آصف زرداری کو گرفتار نہیں کرسکے گا۔ منگل کو سماعت کے دوران آصف زرداری اپنےوکیل فاروق نائیک کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے،فاروق نائیک ایڈووکیٹ نے کہاکہ نیو یارک پراپرٹی کیس کی نیب تحقیقات کر رہا ہے،نیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سو فار ابھی تک وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے،چیئرمین نیب کو کسی کو بھی گرفتار کروانے کا اختیار ہے، چیئرمین نیب انکوائری کے کسی بھی مرحلے پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کر سکتا ہے،ہمیں کوئی شوق نہیں ہے عدالت میں آنے کا، کسی کو خطرہ ہوتا ہے تو اپنے آپکو محفوظ رکھنے کیلئے عدالت کا رخ کرتا ہے۔ عدالت نے کہاکہ نیب سے پوچھتے ہیں کہ سو فار کا مطلب کیا ہوتا ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیااور بعد ازاں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرنے کا حکم سناتے ہوئے کہاکہ نیب انکوائری کی حد تک آصف زرداری کو گرفتار نہیں کرسکے گا جبکہ دوران انکوائری آصف زرداری کی گرفتاری کیلئے نیب کو احتساب عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید