راولپنڈی( خبر نگار خصوصی) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر راولپنڈی کی تحصیل مری کو "مری ٹورسٹ ڈسٹرکٹ" بنا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایم این اے صداقت عباسی کی صدارت میں گزشتہ روز راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں اجلاس ہوا جس میں راجہ صغیر ایم پی اے، چیئرمین آر ڈی اے راجہ طارق محمود مرتضی اور کہوٹہ ڈویلپمنٹ کمیٹی ممبران بشمول راجہ سعید، راجہ الطاف، کرنل ظفر عباسی، قدیر عباسی، راجہ خورشید، راجہ عبدالوحید، راجہ ارشد، ناصر عزیز ستی، راجہ غلام نبی اور سکندرستی نے شرکت کی۔ صداقت عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری کو "مری سیاحتی ضلع" بنا کر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اس ضلع میں کوٹلی ستیاں اور مری ہیں جبکہ کہوٹہ اور کلرسیداں اس میں شامل نہیں۔کہوٹہ اور کلرسیداں راولپنڈی ضلع کی ہی تحصیلیں ہیں۔ انہوں نے کہا کوہسار ٹوارزم ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کےٹی ڈی اے) مری سیاحتی ضلع کو کنٹرول کرے گی اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا سیاحت سے ہونے والی آمدنی متعلقہ تحصیل میں ہی استعمال ہواکرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے ہائی وے کی کنسٹرکشن بہت جلد شروع کی جائے گی۔ وزیر اعلی پنجاب نے اس سڑک کی تعمیر کے لیے ایف ڈبلیو او کو ٹاسک دیا ہے۔