حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد اورٹنڈوالہ یار میں کچی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 21ہوگئی‘ متعدد افراد بینائی سے محروم‘ حیدرآباد اور ٹنڈو الہ یار پولیس کی جانب سے 12افراد کی کچی شراب سے ہلاکتوں کی تصدیق‘ ٹنڈوجام پولیس نے کچی شراب کی فروخت کے الزام میں دو الگ الگ مقدمات درج کرکے کچی شراب بیچنے والے ایک ملزم کو گرفتارکرلیا‘ بڑے ڈیلروں پر ہاتھ ڈالنے سے گریز‘ کچی شراب کی بھٹیوں پر کوئی کارروائی نہیں کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران ضلع حیدرآباد کے علاقے ٹنڈوجام وگردونواح میں کچی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11سے زائد ہوگئی ہے ۔منگل کو کچی شراب سے 7افرادہلاک ہوئے تھے‘بدھ کو مزید 4افراد زندگیوں سے محروم ہوگئے ہیں ۔تاہم حیدرآباد پولیس کے ترجمان کا کہناہے کہ مختلف اسباب کے باعث 5افراد ہلاک ہوئے ہیں‘ورثا نے ان کی کچی شراب سے ہلاکتوں کی تردید کی ہے جن میں 36سالہ حامد علی راجپوت‘ 50سالہ عامر راجپوت‘ 18سالہ عرفا ن راجپوت ‘ 56 سالہ کیول رام‘ 58سالہ تاج عرف تاجو مگسی شامل ہیں۔