آمنہ فہیم
بچو! آپ نے کرکٹ کی دھوم تو بہت سنی ہے لیکن آج ہم آپ کو بتا تے ہیں کہ ہاکی کا شمار دنیا کی قدیم اور مشہور کھیلوں میں ہوتا ہے۔ یہ پاکستان کا قومی کھیل بھی ہے۔ ہاکی کا پہلا عالمی چیمپئن اور کئی مرتبہ عالمی فاتح بننے کا اعزاز پاکستان کے پاس ہے۔ اس کے علاوہ یہ کھیل یورپ اورآسٹریلیا میں بھی مشہور ہے۔ یہ کھیل 600 قبل مسیح میں قدیم یونان میں کھیلا جاتا تھا۔
پرانے دنوں میں ، اس کو کھیلنے کے لئے ، ایک سادہ بال اور لکڑی کی چھڑی ہوتی تھی۔ موجودہ ہاکی سے ملتا جلتا کھیل پہلے انگلینڈ میں کھیلا جاتا تھا۔ہاکی میں قواعد و ضوابط انگلینڈ ہی نے تیار کیے تھے۔ اسے پہلی بار سن 1908 میں اولمپک کھیلوں میں شامل کیا گیا تھا ، صرف آئرلینڈ ، اسکاٹ لینڈ ، انگلینڈ ، ویلز ، جرمنی اور فرانس نے کھیلا تھا۔ ہاکی کا میدان 100 گز لمبا اور 60 گز چوڑا ہوتا ہے۔
گول پوسٹ 4 فٹ چوڑی ہوتی ہے۔ سفید رنگ کی گیند کا وزن 4٫5 اونس اور ہاکی کا وزن 12 سے 28 اونس تک ہوتا ہے۔ ہر ٹیم گیارہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتی ہے۔ کھیل کا دورانیہ 70 منٹ اور کھیل برابر رہ جانے پر 20 منٹ اضافی دیے جاتے ہیں اور صورت حال تبدیل نہ ہونے پر پلنٹی سٹروک بھی ملتے ہیں۔ہاکی کی کچھ اقسام ہیں جن میں فیلڈ ہاکی، آئس،رولر (کواڈ)، رولر (ان لائن)، سلیج ہاکی، اسٹریٹ ہاکی۔
ہاکی کھیلنے کے بہت سے فوائد ہیں، اسے کھیل کر جسم صحت مند اور تندرست رہتا ہے۔ جسمانی نشوونما کے ساتھ ساتھ ذہنی نشوونما بھی ہوتی ہے۔ہاکی کھیلنے سے سوچنے کی طاقت بڑھ جاتی ہے۔ ہاکی کھیلنے سے ہاتھ پاؤں کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں۔