• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ہفتوں مہینوں نہیں دنوں میں ختم ہوجائے گی، مریم نواز

حکومت ہفتوں مہینوں نہیں دنوں میں ختم ہوجائے گی، مریم نواز


اسلام آباد (نمائندہ جنگ، این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت ہفتوں، مہینوں نہیں دنوں میں ختم ہو جائیگی، بہت جلد عمران خان سے عوام کی جان چھوٹ جائیگی، عمران خان کا انجام قریب ہے، حکومت کی کوئی کارکردگی ہی نہیں، بیروزگاری، مہنگائی بے حسی عروج پرہے۔

اقتدار میں ہوتے ہوئے عمران کے ممبران اب ان کی عزت نہیں کرتے،کابینہ ارکان بھی حکومتی کارکردگی پر تنقید کر رہے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمریم نواز نے کہا کہ عوام کو تاریخی نالائق حکومت سے جلد جان خلاصی ہو جائیگی۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ جب سے عدالت نے میری اونر شپ کا سوال اٹھایا ہے نیب نے راہ فرار اختیار کر لی ہے،نیب کے پراسیکیوٹر کا کووڈ بہت لمبا ہوگیا ہے ،نیب پراسیکیوٹر نے ایک مرتبہ پھر التوا مانگا، حیران ہوں جس نیب نے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا کہا۔

مریم نواز نے کہا کہ 36گھنٹوں تک مری میں لوگ مرتے رہے، آپ کے پاس سیاست کے لیے وقت ہے مگر عوام کیلئے نہیں،عوام کے پیسوں سے پیٹرز استعمال کیے گئے، مگر عوام کیلئے انکے پاس وقت نہیں، مریم نواز نے کہا کہ موجود حکومت کی کوئی کارکردگی ہے ہی نہیں ، بے روزگاری مہنگائی بے حسی اپنے عروج پر ہے، میڈیا لاقانونیت مہنگائی پر بات کرے یا مری کی بے حسی پر بات کرے۔

فواد چوہدری کے مطابق نواز شریف کی پارٹی سے چار لوگ ملے، پی ٹی آئی کے ایم این ایز آپکے خلاف بول رہے ہیں، (ن) لیگ جس ٹیسٹ عذاب سے گزری ہے وہ حقیقت عوام کے سامنے ہے۔

مسلم لیگ( ن) آزمائشوں کے باوجود نہیں ٹوٹی، سزائے موت کی چکیوں میں دھمکیوں کے باوجود ن لیگ نہیں ٹوٹی، (ن) لیگ کا ایک ایم این اے بھی نہیں ٹوٹا، پاکستان مسلم لیگ( ن) نے بدترین انتقام برداشت کیا، پی ٹی آئی کے ایم این ایز تسلیم کرچکے کہ مہنگائی ہے، پی ٹی آئی کے اپنے ارکان پھٹ پڑے ہیں۔

حکومت نے جو نواز شریف کیخلاف کیا وہ سب کے سامنے ہے، نواز شریف کیخلاف خطرناک قسم کی کمپین چلائی گئی، توجہ ہٹانے کیلئے نواز شریف کو وطن واپس لانے کا کہا جا رہا ہے، نواز شریف کا حکومت بال بھی بیکا نہیں کرسکی۔

اہم خبریں سے مزید