کراچی (نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے بیٹے جنید صفدر کو شادی میں کروڑوں کی گاڑی تحفتاً دینے کی تردید کردی۔ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ مریم نواز نے اپنے بیٹے جنید صفدر کو شادی پر انتہائی مہنگی گاڑی کا تحفہ دیا ہے۔ کئی سوشل میڈیا پیجز نے دعویٰ کیا تھا کہ مریم نواز نے جنید کو مرسڈیز جی 64 اے ایم جی گاڑی کا تحفہ دیا ہے جسکی قیمت تقریباً 14کروڑ روپے ہے۔ مختلف سوشل میڈیا پیجز پر یہ بھی کہا گیا کہ مریم نواز کی جانب سے جنید صفدر کو دی جانے والی اب تک کی پنجاب میں رجسٹر ہونے والی سب سے مہنگی گاڑی ہے۔