• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم مصنوعات پر جو ٹیکس واپس لیا تھا دوبارہ لگایا جارہا ہے، اسد عمر


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر جو ٹیکس واپس لیا تھا وہ دوبارہ لگایا جارہا ہے،مجھے نہیں معلوم مسلم لیگ ن کے چار لوگ ملے ہیں یا نہیں ملے ہیں،ن لیگ میں قیادت کیلئے رسہ کشی چل رہی ہے، ایک طرف مریم نواز دوسری طرف شہباز شریف ہیں، عمران خان کا متبادل کوئی نہیں ہے کسی کو شک ہے تو زورآزمائی کرلے،پی ٹی آئی میں قیادت کیلئے کوئی دھڑے بندی نہیں ہے، پرویز خٹک وزیراعلیٰ بننے کے بعد زیادہ بڑی سیاسی شخصیت بن کر ابھرے، ارکان اسمبلی کو پتا ہے اکثریت پی ٹی آئی کے پاس ہے اسی لیے وہ نہیں ٹوٹتے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں زیادہ اضافہ عالمی افراط زر کے باعث ہے، پاکستان ہی نہیں دنیا کی معیشت کو مہنگائی کا چیلنج درپیش ہے، پابندیوں کا فیصلہ کورونا کی موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے کیا ہے۔ وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل سے بھی گفتگو کی گئی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پی ٹی آئی حکومت کے فائنانس اچھے ہوئے ہیں، کورونا میں آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں نے حکومت کو بڑی مراعات دیں، حماد اظہر پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تجارتی خسارہ کریں گے۔وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم مسلم لیگ ن کے چار لوگ ملے ہیں یا نہیں ملے ہیں،ن لیگ میں قیادت کیلئے رسہ کشی چل رہی ہے، ایک طرف مریم نواز دوسری طرف شہباز شریف ہیں، دونوں کی سیاست کی اپروچ میں بہت واضح فرق ہے، تحریک انصا ف میں کسی گروپ کی ٹسل نہیں چل رہی ہے، پہلے پارٹی کے اندر گروپس کی آپس میں چپقلش کی خبریں آتی تھیں اب وہ بھی نہیں آتی ہیں۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا متبادل کوئی نہیں ہے کسی کو شک ہے تو زورآزمائی کرلے،تحریک انصاف کا 99فیصد ووٹ عمران خان کے نام کا ہے۔

اہم خبریں سے مزید