• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران، چین اور روسی بحری افواج کی فوجی مشقیں

کراچی (نیوز ڈیسک) ایران، چین اور روس کی بحری افواج نے شمالی بحر ہند میں تیسری مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔ یہ بات ایرانی سرکاری میڈیا نے جمعے کے روز بتائی۔ایرانی بحریہ کے ریئر ایڈمرل مصطفیٰ تاجلدینی نے بتایا کہ ان میرین سیکورٹی بیلٹ 2020 بحری فوجی مشقوں میں ایرانی مسلح افواج اور پاسدارانِ انقلاب شریک ہیں اور یہ سترہ ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے میں جاری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں مختلف تکنیکی مشقیں انجام دی جا رہی ہیں، جن میں جلتی کشتی کو ریسکیو کرنا، ہائی جیک کشتی کو چھڑانا اور رات میں فضائی اہداف کو نشانہ بنانا شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان مشقوں کا آغاز جمعے کی علی الصبح ہوا ہے۔ان تین ممالک نے بحرہند اور بحیرہ عمان میں مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز سن 2019 میں کیا تھا۔ تاجلدینی کا کہنا تھا،ان مشقوں کا مقصد سکیورٹی اور خطے میں اس کی اساس کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کو وسعت دینا ہے، تاکہ عالمی امن، بحری سیکورٹی اور مشترکہ مستقبل کا حامل ایک میرین کمیونٹی کا قیام ہے۔گزشتہ برس جون میں اقتدار سنبھالنے والے سخت گیر نظریات کے حامل صدر ابراہیم رئیسی چین اور روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو گہرا بنانے میں مصروف ہیں۔ ستمبر میں تہران نے شنگھائی تعاون تنظیم میں بھی شمولیت اختیار کر لی تھی۔ شنگھائی تعاون تنظیم وسطی ایشیائی ریاستوں کی ایک سیکورٹی تنظیم ہے، جس کی قیادت روس اور چین کرتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید