• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ کے لئے غیر ملکی کھلاڑی بھی کراچی پہنچ گئے، پی سی بی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے لئے غیر ملکی کھلاڑی بھی کراچی پہنچ رہے ہیں ۔ہفتے کو مزید کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ا ب تک کیے گئے 250 کوویڈ 19 ٹیسٹ میں تین کھلاڑیوں اور پانچ سپورٹ اسٹاف ارکان کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ باقی کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کے ارکان اپنی آئیسولیشن مکمل کرنے اور کوویڈ 19 کے 2 منفی ٹیسٹ آنے پر 24 جنوری سے ٹریننگ کا آغاز کردیں گے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راونڈر جیمز فولکنر آسٹریلیا روانگی سے قبل مثبت آنے کی وجہ سے آئسولیشن میں تھے۔وہ ہفتے کو کراچی پہنچ گئے ہیں۔پشاور زلمی کے ٹام کوہلر کیڈمور، حضرت اللہ ززائی ،پیٹ براؤن ,شرفین ردرفورڈ اور میٹ پارکنسن بھی کراچی پہنچ گئےہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کے تمام پاکستانی کرکٹر بھی کراچی پہنچ چکے ہیں۔ بین کٹنگ بگ بیش کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے ۔ثاقب محمود اور لیام لیونگسٹن انگلینڈ ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ کم از کم دس ایسے پلان ہیں جن کو ہنگامی صورتحال میں استعما ل کیا جائے گا اور ہر صورت میں ٹورنامنٹ 27فروری کو ختم کیا جائے گا اس کے بعد پی سی بی کے پاس پورے سال میں کوئی اور ونڈو نہیں ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کے مزید آٹھ ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔نیشنل اسٹیڈیم سیکیورٹی آفیسر سمیت 17 ملازمین کورونا میں مبتلا ہیں ۔ایک دن قبل نو ملازمین وائرس کا شکار ہوئے تھےاس لئے ملازمین خوف میں مبتلا ہیں کیوں کہ اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔پاکستان سپر لیگ کے پروجیکٹ ہیڈ عثمان واہلہ اور کے معاون عون زیدی بھی کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد دس دن کے لئے آئسولیشن میں ہیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے بعدنیشنل اسٹیڈیم کراچی کا 10فیصد عملہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید