اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کیلئے ٹیکس نیٹ ورک کو وسعت دینے کی اشد ضرورت ہے، پاکستانی عوام ٹیکس نیٹ میں آنے سے ہچکچا رہے ہیں، ہمیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سسٹم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانا ہونگی۔
جمعہ کو ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں نے شرح نمو کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی 3700 ارب روپے سے بڑھ کر 6100ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اخراجات اور درآمدات کو کم کرنے پر توجہ دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر عرصے میں گردشی قرضے میں کمی کی ہے۔
حکومت کی فلاحی اسکیموں کی شفافیت کے بارے میں انہوں نے کہاکہ احساس پروگرام کو بہتر طریقے سے کام کرنے کیلئے ڈیجیٹل کیا گیا ہے۔