• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپانی وزیراعظم کے پہلی مرتبہ امریکی صدر سے تفصیلی مذاکرات

ٹوکیو(عرفان صدیقی)جاپان کے وزیراعظم کِشیدا فُومیو نے اکتوبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ امریکی صدر جو بائیڈن سے تفصیلی مذاکرات کیے ہیں۔ دونوں کی تقریباً 80منٹ پر محیط آن لائن ملاقات جمعہ کے روز ہوئی۔دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ مشترکہ مواقع سے فائدہ اُٹھانے اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پُر عزم ہیں۔ کِشیدا نے بتایا ہے کہ انہوں نے رواں سال کی پہلی ششماہی میں جاپان، امریکہ، آسٹریلیا اور بھارت پر مشتمل چار ملکی کوواڈ اتحاد کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کرنے کی تجویز دی جسے صدر بائیڈن نے قبول کر لیا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا کے میزائل تجربات اور علاقائی پانیوں میں بڑھتی ہوئی چینی موجودگی سمیت ہند بحرالکاہل خطے میں سلامتی کے خطرات پر قریبی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔انہوں نے صدر بائیڈن کو آگاہ کیا کہ وہ جاپان کی قومی سلامتی حکمتِ عملی پر نظرِ ثانی کرنا اور ملکی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ کِشیدا نے بتایا کہ صدر بائیڈن نے جاپان کے دفاع کے امریکی عزم کی تصدیق نو کی۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی معاملات پر اعلیٰ سطحی مذاکرات شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔آن لائن سربراہ ملاقات کے بعد امریکی صدر نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ جاپان امریکہ اتحاد، ’’ہند بحرالکاہل اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کا گہوارا ہے‘‘۔

اہم خبریں سے مزید