• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائس چیئرمین پاکستان بار کی پریس ریلیز مفروضوں پر مشتمل ہے، سندھ ہائیکورٹ بار، کراچی بار، لاہور ہائیکورٹ بار

کراچی / لاہور (اسٹاف رپورٹر / نمائندہ جنگ) سندھ ہائیکورٹ بار ، کراچی بار اور لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا ہے کہ وائس چیئرمین پاکستان بار کی پریس ریلیز مفروضوں پر مشتمل ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور کراچی بار کا مشترکہ ہنگامی اجلاس میں اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ بار اور کراچی بار کی جانب سے پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین کی پریس ریلیز مفروضوں پر مشتمل ہے۔ ہم سمجھتے ہیں پاکستان بار کے لیٹر ہیڈ پر حفیظ الرحمٰن چوہدری کا ذاتی خیال ہے۔ وائس چیئرمین نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے متعلق مفروضوں پر مشتمل الزامات دہرائے ہیں۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے بھرتیوں کیلئے وہی طرز عمل اختیار کیا جو اس سے قبل دیگر چیف جسٹس کرتے آئے ہیں۔دونوں بار ایسوسی ایشنز نے پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین کے اس بیان کو آزاد عدلیہ پر حملے کے مترادف سمجھتی ہیں۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمٰن چوہدری کے بیان کا نوٹس لے۔ سندھ ہائی کورٹ بار اور کراچی بار کا مطالبہ ہے کہ پاکستان بار کونسل وائس چیئرمین کے بیان کی وضاحت بھی کرے کراچی بار اور ہائی کورٹ بار وائس چیئرمین کے بیان کی مذمت کی جائے۔ لاہور سے نمائندہ جنگ کے مطابق محمد مقصود بٹر صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، مدثر عباس مگھیانہ سیال نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور فیصل توقیر سیال فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنے مشترکہ بیان میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کی طرف سے 21جنوری 2022ء کوجاری کردہ پریس ریلیز میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بارے میں نامناسب اور حقائق کے منافی دیئے گئے بیان کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری مکمل طور پر سنیارٹی کے فارمولا کی تائید و حمایت کرتی اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید