• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلسل بارش سے نشیبی علاقوں کی گلیوں، سڑکوں پر پانی جمع

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی اور گردو نواح کے علاقوں میں جمعہ کی شام سے شروع ہونیوالی بارش کے باعث واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ راولپنڈی اور اسکے جڑواں شہر اسلام آباد کے متعدد نشیبی علاقوں میں برساتی نالے ابلنے اور نالیاں بھر جانے سے کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔ کسی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ٹریفک پولیس، ریسکیو اور دیگر اداروں کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رکھا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے ضلع راولپنڈی میں ممکنہ سیلابی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ موسمیات کی جانب سے 3دن تک مسلسل اور موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کے باعث واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) نے شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے جس کے تحت عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے ان کو نالہ لئی سمیت دیگر اہم مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ مسلسل بارش اور سردی کی شدت میں اضافے سے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں گیس ناپید ہو گئی ہے جبکہ مسلسل بارش سے درجنوں فیڈرز بھی ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں 3روز تک موسلا دھار بارش کی پیشینگوئی کے باعث رین ایمرجنسی پہلے سے نافذ ہے اور واسا عملہ جمعہ کی رات سے ہیوی مشینری کے ساتھ نالہ لئی سمیت مختلف علاقوں میں موجود ہے جبکہ نالہ لئی میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز صبح تک6 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے جبکہ30 ملی میٹر مزید بارش متوقع ہے۔ دوسری جانب جمعہ کی رات سے شروع ہونیوالی بارش کے باعث ہفتہ کی شام تک جڑواں شہروں کے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہو گیا۔ راولپنڈی کے علاقہ صادق آباد، گلاس فیکٹری چوک، آریہ محلہ، جاوید کالونی، ڈھوک کھبہ، ڈھوک رتہ، پیرودھائی اور راول روڈ سمیت مختلف علاقوں میں دو دو فٹ پانی راستوں میں جمع ہو گیا جس سے عوامی آمدورفت بھی مععل ہو کر رہ گئی۔
اسلام آباد سے مزید