کراچی (ٹی وی رپورٹ)فلائی ویٹ میں ورلڈ نمبر ون باکسر محمد وسیم نے جیوکے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ میں نے باکسنگ میں پاکستان کیلئے وہ اعزازات جیتے ہیں جو ایشیا میں کسی باکسر نے نہیں جیتے، ورلڈ ٹائٹل کے مقابلہ کیلئے حکومت پاکستان نے کوئی مدد نہیں کی،میں پہلا پاکستانی باکسر ہوں جو دوسری بار ورلڈ باکسنگ کونسل کا ورلڈ چیمپئن بنا ہوں، اس کے ساتھ ڈبلیو بی اے کا ٹائٹل بھی پاکستان کے نام کیا ہے،بہت محنت اور ٹف فائٹ لیتا ہوں اس کے بعد اتنے بڑے ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوا، ورلڈ نمبر تین باکسر کو شکست دے کر یہ ٹائٹل جیتا ہوں اس فائٹ میں مجھے 21ٹانکے لگے، میں ورلڈ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا ہوں، امیچر باکسنگ میں پاکستان کی طرف سے زیادہ تمغے جیتے ہیں۔ محمد وسیم کا کہنا تھاکہ وزیراعظم یا حکمران کی مبارکباد حاصل کرنے کیلئے نہیں ملک کیلئے کھیلتا ہوں، ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے بعد کسی وزیراعظم ، وزیر کھیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت کسی حکومتی عہدیدار نے فون کر کے مبارکباد نہیں دی۔