لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لاڑکانہ کا کچرا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ صاف کریگا جبکہ 27؍فروری کو کراچی سے نکلنے والا مارچ اسلام آباد میں جمع کچرے کو جا کر صاف کریگا، ہمیں اپنے شہروں کا خیال رکھنا ہے، جو سازشیں کرنا چاہتے ہیں کرتے رہیں ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔ وہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مقامی مرکز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ہم جب 27 فروری کو نکلیں گے تو وفاق کو بھی دیکھ لیں گے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ کیلئے عوام کو مزید آگاہی دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ منصوبہ عوام کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتا۔ یہ پروجیکٹ لاڑکانہ کے عوام کا اثاثہ ہے اور اس پروجیکٹ کو عوام کے تعاون سے کامیاب بنانا ہے۔قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیرانتظام کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا۔