• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدلیہ مضبوط ہو تو ملک پر آنچ نہیں آسکتی،چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہےکہ جس ملک کی عدلیہ مضبوط ہو اس ملک پر کوئی آنچ نہیں آسکتی۔ عدلیہ کو تحفظ دینے کا نعرہ لگانے کے بجائےعمل کرکے دکھانے کی ضرورت ہے۔وکلاء نے جوڈیشل سسٹم میں رہتے ہوئے ججز کو عزت دینی ہے اور ججز نے ان کیساتھ شفقت برتنی ہے۔یہ رشتہ قا ئم ہوجائے تو دنیا کی کوئی طاقت سسٹم کو مضبوط ہونے سے نہیں روک سکتی۔ہمیں ڈر اور خوف اپنوں سے ہے۔جھگڑوں والی باتیں ختم کردینی چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار جسٹس امیر بھٹی نے جمعرات کو ہائیکورٹ بار کی تزئین و آرائش اور بار کے زیر اہتمام پولیس خدمت مرکز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ہائیکورٹ بار کے صدر سردار عبد الرازق خان اور سیکرٹری جنرل شاہد شہزاد بھٹی نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں جسٹس صداقت علی خان،جسٹس مرزا وقاص روف،جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی،جسٹس چوہدری عبدالعزیز،جسٹس جواد حسن کے علاوہ ڈویژن بھر کے وکلاء،بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں،پنجاب بار کونسل،پاکستان بار کونسل،ماتحت عدلیہ کے افسران نے شرکت کی۔بار میں آمد کیساتھ ہی چیف جسٹس نے پہلے پولیس خدمت سنٹر کا افتتاح کیا۔چیف جسٹس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری رائے میں سینئر وکلاء کی ایک کمیٹی ہونی چاہیے جو کچہری میں نئے آنے والے وکلاء کی جانچ کرکے ان کو چیمبر جوائن کرائے اور ان کی تربیت و معاش کا انتظام کرے۔ہائیکورٹ بار کے صدر سردار عبدالرازق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انصاف کی حکمرانی کیلئے بار اور بنچ کا باہمی رشتہ ضروری ہے۔بار اور بنچ کے بغیر جوڈیشل سسٹم نہیں چل سکتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ججز تعیناتی میں راولپنڈی کو کچھ عرصہ سے نظر انداز کیا گیا ہے۔ہماری چیف جسٹس سے درخواست ہے آئندہ ججز تعیناتی میں راولپنڈی بار کو پچاس فیصد حصہ دیا جائے۔
اسلام آباد سے مزید