• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باچاخان کمپلیکس ایم ٹی آئی میں ادارہ جاتی پرائیویٹ پریکٹس کا آغاز جلد ہوگا

پشاور(جنگ نیوز)باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں ادارہ جاتی پریکٹس کے حوالے سے آئی بی پی کمیٹی کا اجلاس گجوخان میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، اجلاس میں متفقہ طورپر ہسپتال کے اندر اگلے مہینے ادارہ جاتی پرائیویٹ پریکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے تیاریاں مزید تیز کردی گئیں ہیں۔ آئی بی پی کمیٹی کے چئیرمین اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد نثار نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد صوابی کے عوام کے لئے ہسپتال کے اندر ایک ہی چھت کے نیچے علاج کی تمام سہولتیں میسر ہونگی۔ آئی بی پی میں ماہر ڈاکٹر دوپہر دو بجے سے شام تک موجود رہیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ بورڈ آف گورنرز کی ہدایت پر آئی بی پی شروع کرنے جارہے ہیں تاکہ صوابی اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کو پشاور اوراسلام آباد جانا نہ پڑے۔ اجلاس میں نئے بھرتی ہونے والے ماہر اور اسپیشلسٹ ڈاکٹروں نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹروں نے ادارہ جاتی پریکٹس کے اچھے آغاز کے لئے تجاویز پیش کیں جس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے آئی بی پی کمیٹی کے چئیرمین نے انچارج آئی بی پی کو ٹاسک حوالے کیا۔ اجلاس میں ڈین اور چیف ایگزیکٹیو گجو خان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر شمس الرحمن، ہسپتال ڈایریکٹر ڈاکٹر امجد محموب،نرسنگ ڈایریکٹر مہران، ڈایریکٹر فائنانس اختر زیب، منیجر فیسلٹیشن عباس پروزیز نے بھی شرکت کی۔

پشاور سے مزید