اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت راوی اربن ڈیویلپمنٹ منصوبے کو کالعدم قرار دینے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی جہاں اس منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے بہترانداز میں پیش کیا جائےگا ‘.
منصوبہ کے بارے میں ہائوسنگ سوسائٹی ہونے کا تصور درست نہیں بلکہ یہ شہروں کی بغیر کسی منصوبہ بندی کے تعمیر میں ہونے والی غلطیوں کو درست کرنے کا بڑا منصوبہ ہے،دو کروڑ پودے لگانا، زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح کو بلند کرنا اور سیوریج کی فلٹریشن منصوبے کی نمایاں خصوصیات ہیں‘بڑھتی آبادی کے باعث نئے شہر بسانا پڑیں گے ‘20ارب ڈالر کے اس منصوبے میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے‘.
منصوبہ سے غیر ملکی فنڈنگ اور سرمایہ کاری پاکستان آئے گی جس سے نہ صرف روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ملک میں 30 سے 40 نئی صنعتیں بھی لگیں گی۔
ا نہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو رکھ جھوک میں راوی اربن منصوبہ کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ راوی اربن منصوبہ کے باعث لاہور ایک نیا شہر بننے جا رہا ہے۔