اوکاڑہ (وارث حیدری /نمائندہ جنگ) سینٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منطوری کے وقت قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی کی عدم موجودگی پر ن لیگ کے سینٹر مصدق ملک نے دلچسپ طنزیہ ٹویٹ کیا،اس سلسلہ میں پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ سے پوچھا گیا تو انھوں نے نرم الفاظ میں شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اس سوال کا جواب ہی نہیں دے سکتا،اب کیا کہیں؟ گیلانی کو موجود ہونا چاہیے تھا.
انہوں نے کہا کہ سینٹ کا چیئرمین حکومت کا ہے جب ان کو انفارمیشن ہوتی ہے کہ اپوزیشن ممبران نہیں تو وہ رولز معطل کر کے قانون سازی کا بل لے آتے ہیں، ان سے پوچھا گیا کہ جماعت اسلامی سے کیا معاہدہ طے پایا تو قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس کا جواب سندھ حکومت سے لینا چاہیے.
معاہدہ پہلے روز ہی کر لینا چاہیے تھا، ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ بھی پی ڈی ایم سمیت دیگر جماعتوں کو 27فروری کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے تو قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس کے بارے میں میری قیادت نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔