پشاور(نمائندہ جنگ)کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے علاقے چمکنی رنگ روڈ پر پادریوں پر حملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ24گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی تاحال قاتلوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔سی ٹی ڈی نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جس میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کے روزتقریبا دوپہرڈیڑھ بجے نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کرکے پادری سراج ویلیم ساکن ولی آباد کو قتل جبکہ انکے ساتھی پادری پیٹرک نعیم کو زخمی کردیا تھا۔ ایف آئی آر پیٹرک نعیم ساکن ایڈورڈ پبلک سکول اندرون کوہاٹی گیٹ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے جس کے مطابق وہ ہزارخوانی میں واقع چرچ کے پادری ہیں جبکہ ولیم سراج اس کا نائب تھا ، چمکنی کی حدود میں چرچ میں عبادت کے بعد تینوں چرچ سے نکل کر گاڑی میں روانہ ہوئے اس دوران جب رنگ روڈ پر ٹوٹل پمپ کے قریب پہنچے توموٹرسائیکل سواردو نامعلوم ملزمان نے آکر ان پر فائرنگ کردی جس سے پادری سراج ویلیم متعدد گولیاں لگنے سے جاں بحق جبکہ وہ معمولی زخمی ہوا، ان کا تیسرا ساتھی عنایت مسیح بال بال بچ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کیساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے اوریہ ملک دشمن عناصر کی کارستانی ہوسکتی ہے۔