• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں قانونی کمرشل عمارتوں کی تفصیلات طلب

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)لوکل گورنمنٹ اینڈ کیمونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ اس ضمن میں پنجاب کی تمام میونسپل کارپوریشنوں اور تحصیل و ضلع کونسلوں کے چیف افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں گزشتہ تین سال کے دوران قائم ہونے والی تمام تعمیرات کے نقشے، کل رقبہ اور منازل سمیت تمام مروجہ قواعدو ضوابط کی تفصیلات ارسال کریں۔ معلوم ہوا ہے کہ اس حوالے سے پنجاب کی بیشتر کارپوریشنوں اور کونسلوں نے تمام مطلوبہ تفصیلات بھجوا دی ہیں لیکن میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی جانب سے گزشتہ دو ماہ کے دوران ایک بھی کمرشل عمارت کی تفصیلات نہیں بھجوائی جا سکی اور نہ ہی اس حوالے سے متعلقہ بلڈنگ انسپکٹروں کو کوئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کارپوریشن کے پاس شہر کی سینکڑوں غیر قانونی دیوہیکل کمرشل عمارتوں کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں اور یہ تمام عمارتیں سیاسی اثر ورسوخ اور بھاری نذرانوں کے عوض تعمیر کی گئی ہیں۔اس حوالے سے میونسپل افسر (ریگولیشن)و سٹیٹ افسر عمران علی کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بیشتر مطلوبہ ریکارڈ بھجوا دیا گیا ہے دوسری جانب کارپوریشن کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ریکارڈ بھجوانا تو دور کی بات افسران کی جانب سے کسی بھی انسپکٹر سے اس کے علاقے کا کوئی ریکارڈ مانگا ہی نہیں گیا۔
اسلام آباد سے مزید