کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے بلدیاتی اختیارات سے متعلق فیصلے پر عمل درآمد کرانے کیلئے ایم کیو ایم نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ متحدہ رہنما کنور نوید جمیل سمیت دیگر رہنماؤں کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے مطابق مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی جائے۔ ایل ڈی اے، کے ڈی اے اور ایم ڈی اے سمیت دیگر اداروں کو اختیارات دیئے جائیں۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعات 74 اور 75 کے خاتمے کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے۔ درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی ترامیم کو چیلنج کرنے آئے تھے۔ خوش قسمتی سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آج آگیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر پریس کانفرنس میں تفصیل سے بات کرینگے۔ سندھ ہائی کورٹ میں بھی درخواست میں یہی موقف ہے عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد کیا جائے۔