اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)ملتان کے دو بڑے سیاسی حریفوں کی لڑائی اسلام آباد پہنچ گئی ‘شاہ محمود قریشی نے یوسف رضا گیلانی پر تاک تاک کر وار کیے۔سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی طیش میں آگئے اور اپوزیشن لیڈر کو بکاؤ اور جھوٹا قرار دےدیا۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگومیں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکمران جماعت کو میرے سینیٹر بننے پر آج غصہ آیا ہے‘شاہ محمودنے پارلیمان اور سینیٹ کی توہین کی ہے‘ وزیرخارجہ نے ملک کا تشخص خراب کیا ہے، وہ بغیر کسی وجہ کے اتنا گرگئے، توقع نہیں کرتا کہ وزیر خارجہ اس قدر گریں گے‘ان کو ایوان کے اندرجواب دونگا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمودکا کہناتھاکہ قائد حزب اختلاف کا استعفیٰ ایک ڈرامہ ہے، وہ کبھی اپنی سیٹ نہیں چھوڑیں گے،اس سے چپکے رہیں گے ‘ یہ سمجھوتہ کرنے والے قائد حزب اختلاف ہیں‘ یہ سینیٹر بھی ووٹ خرید کر بنے ہیں ‘شاہ محمود نے ارکان سینیٹ کو مخاطب کرکے کہا کہ یوسف رضا گیلانی پر اعتبار نہ کریں، انہوں نے (ن) لیگ سے پہلے ہاتھ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔سینیٹ میں رخ پھیر کر بیٹھے یوسف رضا گیلانی کو شاہ محمود آنکھیں ملانے کا بھی کہتے رہے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیرخارجہ نےکہاتھا کہ وہ ایوان میں پالیسی بیان دینا چاہتے، یہ تھا وزیرخارجہ کا پالیسی بیان، اللہ انہیں صبردے۔انہوں نے کہا جب میں اسپیکر تھا تو یہ میرے پارلیمانی سیکرٹری تھے۔ محترمہ نے مجھے کہا تھا کہ اسے کچھ سکھاؤ۔ یہ آج مجھے رول سکھانے آیا تھا۔ ملتان میں اگر شاہ محمود کو بچوں نے تنگ کیا ہے تو ان سے پوچھوں گا۔