کوئٹہ (نمائندہ جنگ) سی ٹی ڈی نے سبی اور مچ میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے زیارت ریزیڈنسی حملے میں ملوث کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت دو دہشتگردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد،نٹ بولٹ اور دیگر دستاویزات قبضے میں لے لیں ۔ بلوچستان حکومت نے ریزیڈنسی حملے میں ملوث ملزم کے سر کی قیمت دس لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سبی ریجن سی ٹی ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ زیارت ریزیڈنسی پر حملے میں ملوث مطلوب دہشتگرد جلب خان تحصیل شاہرگ میں موجود ہے جس پر سی ٹی ڈی نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے مطلوب دہشتگرد جلب خان کو گرفتار کرلیا ، سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت نے گرفتار دہشتگرد جلب خان کے سر کی قیمت دس لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق نصیر آباد ریجن سی ٹی ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے مچ کے مائنز علاقے میں دہشت گرد ی کا منصوبہ بنایا ہے اور اس مقصد کیلئے تنظیم کا دہشت گرد مائنز ایریا میں پہنچ گیا ہے جس پرسی ٹی ڈی نصیر آباد ریجن کی ٹیم نے ٹارگٹڈ آپریشن کر تے ہوئے دہشت گرد محمد غوث عرف غوثیہ کو پہاڑی علاقے سے گرفتار کر کے دو کلو دھماکہ خیز مواد 470نٹ بولٹ سمیت دیگر اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد مائنرز علاقے میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔