اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں ہے‘نوزشریف ایک بدنصیب انسان ہے جو جعلی رپورٹس کے بل بوتے وطن سے دوررہنا چاہتے ہیں‘ملک میں صدارتی نظام ‘ایمرجنسی ‘عدم اعتماد ‘ ڈیل یا ڈھیل کا کوئی امکان نہیں ‘سب سکون ڈاٹ کام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ نوزشریف ایک بدنصیب انسان ہے جو جعلی رپورٹس کے بل بوتے بھاگ گیا ،دنیا میں ایسا کوئی لیڈر نہیں ہے جو اپنے ملک سے بھاگے ،خود کورونا کی وجہ سے نہیں آرہے اور لوگوں کوکہتے ہیں کورونا میں جلوس نکالو ،لوگوں کو بیماری میں دھکا دینا چاہتے ہیں اور خود ان کو اپنی صحت اتنی عزیز ہے ،عمران خان نے کہا تھا کہ تین ماہ اہم ہیں ایک ماہ گذر گیا ہے ،ساٹھ دن اور ہیں ،اپوزیشن بڑے شوق سے اسلام آباد آئے ‘ ان کےرنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں ، پلگوں میں کچرا پھنساہوا ہے ، 27فروری اور 23مارچ کو بھی شوق پورا کرلیں اور زیادہ شوق مولانا فضل ا لرحمن کو ہے‘ شیخ رشیدکاکہناتھاکہ وزارت داخلہ نے ایک برس میں نادرا کے 87نئے سنٹرز کھولے‘ بیرون ملک 13نئے سنٹرز رواں برس قائم کیے جائیں گے‘ سندھ میں پاسپورٹ سینٹرزکیلئے 13 مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔