• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمان، MQM منحرف رہنماؤں کی ملاقاتیں،پی پی کی تنقید

اسلام آباد (فاروق اقدس نامہ نگار خصوصی) حکومتی اتحاد میں شامل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے دو رکنی وفد نے جمعہ کو اسلام آباد میں اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر طویل ملاقات کی۔ اس سے قبل پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے ٹھیک ایک ماہ قبل پانچ جنوری کو اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن سے وفد کی شکل میں ملاقات کی تھی جبکہ اطلاعات کے مطابق کچھ عرصہ قبل جب مولانا فضل الرحمن کراچی کے دورے پر تھے وہاں ان کی آفاق احمد سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال اور متحدہ قومی موومنٹ کے عامر خان نے ملاقاتوں کے بعد اپنی اپنی پریس کانفرنسوں میں پی ڈی ایم کے سربراہ سے اپنی بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور قومی امور بالخصوص سندھ کی سیاست کے حوالے سے پی ڈی ایم کی سوچ سے ہم آہنگی اور رہنمائی کی بھی بات کی۔ لیکن بالخصوص عامر خان اور مصطفی کمال کی اسلام آباد آمد اور مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے ایک نکاتی ایحنڈے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں کہ ایم کیو ایم کے منحرفین رہنما آخر مولانا فضل الرحمن سے ملاقاتیں کیوں کر رہے ہیں۔ بادی النظر میں ایسا ہی دکھائی دیتا ہے کہ یہ ملاقاتیں سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں ہی ہو رہی ہیں جہاں پیپلز پارٹی فی الوقت ایک مشکل صورت حال سے دوچار ہے اور اندرون سندھ میں خاص طور پر جمعیت علمائے اسلام مقبولیت اور مزاحمت کی طاقت رکھنے والی وہ جماعت ہے جس سے الحاق کرکے پیپلز پارٹی کی کامیابیوں کو غیر یقینی بنایا جاسکتا ہے اس طرح یہ کہا جا رہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخاب کی سیاست اورر جوڑ توڑ اسلام آباد میں ہو رہا ہے جہاں مولانا فضل الرحمن توجہ کا مرکز ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مصطفی کمال کے بعد عامر خان اور وسیم اختر کی ان سے ملاقات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے بعض رہنمائوں نے مولانا فضل الرحمن پر ان ملاقاتوں کے حوالے سے شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر الزامات بھی عائد کئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید