لندن (مرتضیٰ علی شاہ‘سعیدنیازی) کراؤن پراسیکیوٹر نے ایک جیوری کو بتایا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے22اگست 2016 کی اپنی تقریر کے دوران کارکنوں کو جیو نیوز اور دو دیگر چینلز کے دفاتر کی طرف مارچ کرنے کو کہا تھا، جس کا مقصد چینلز کی نشریات بند کرنا تھا کیونکہ یہ چینل لندن سے کراچی تک ان کی تقاریر سنسر کر رہے تھے۔ دہشت گردی پر اکسانے کے الزامات کا سامنا کرنے والے ایم کیو ایم رہنما کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے استغاثہ نے جیوری کو بتایا کہ ایم کیو ایم رہنما نے کراچی میں اپنے ساتھیوں سے خطاب میں بار بار جیوسمیت چندچینلزکے حوالے دئیے تھے۔ جیوری کو بتایا گیا کہ الطاف حسین نے اپنے کارکنان کو رینجرز کراچی ہیڈ کوارٹرز کے باہر جمع ہونے اور پھر ان چینلز کی طرف مارچ کرنے کو کہا تھا۔ پراسیکیوشن کے مطابق رینجرز ہیڈکوارٹر کے بعد جیو کے علاوہ ایک اور چینل کی جانب مارچ کو اجتماع کا حتمی مقصد قرار دیا گیا۔ استغاثہ نے جیوری کو بتایا کہ ایک فون کال میں ایم کیو ایم سربراہ نے ایم کیو ایم پاکستان کے ایک رہنما سے کہا کہ وہ ’’جیو‘‘ اور دوسرے چینلز کو کال کریں اور انہیں بتائیں کہ وہ جو کچھ نشر کر رہے ہیں، وہ’’کوڑا‘‘ ہے اور کارکنان نشریات کو ختم کرنے کے لئے جلد ہی احاطے میں آنے والے ہیں۔