کوئٹہ ( آئی این پی )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کوئلہ کان میں گیس دھماکہ ، 4کان کن جاں بحق جبکہ 4کو زندہ بچالیا گیا ہے،دھماکہ میتھین گیس جمع ہو جانے کے باعث ہوا،ایمرجنسی سروس کو فون پر اطلاع دینے کے باوجود ٹیم کئی گھنٹے بعد پہنچی ۔ مائنز انسپکٹر محمد عاطف کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کو کوئٹہ کے نواحی علاقے سرہ گڑگئی زرغون غر میں منگل ڈیم کے قریب واقع کوئلہ کان میں میتھین گیس کی زیادہ مقدار جمع ہونے کے باعث دھماکہ ہوا جس کے باعث کان کا کچھ حصہ بیٹھ گیا اور 8کانکن 3 سو فٹ کی گہرائی میں پھنس گئے۔ کانکن عبدالرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کے فوری بعد ایمرجنسی سروسز کو فون پر اطلاع دی مگر انہوں نے خود ٹیمیں بھیجیں اور نہ متعلقہ محکموں کو حادثے سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کی ٹیم کئی گھنٹے بعد پہنچی مگر ان کے پاس ضروری آلات نہیں تھے۔ان کے مطابق باقی کانکنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ساتھیوں کو بچانے کی کوشش کی مگر ان کے پاس ضروری سامان نہیں تھا، امدادی کارروائی میں حصہ لینے والے دو کانکن بے ہوش بھی ہوئے۔