• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داتا کی نگری میں قلندرز کا راج، کوئٹہ پر بڑی فتح، پلے آف کی جانب پیش قدمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) داتا کی نگری میں قلندرز راج کرنے لگے۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور کی ابتدائی تین گیندوں پر جیسن رائے اور جیمز ونس کو آئوٹ کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایسی کاری ضرب لگائی کہ وہ سنبھل نہ سکی ، پھر رن مشین فخر زمان اور کامران غلام کی نصف سنچریوں نے لاہور قلندرز کی جیت کو یقینی بنادیا۔ لاہور میں پاکستان سپر لیگ میں اتوار کو لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8وکٹ سےہرا کر پانچویں جیت حاصل کر لی اور پلے آف میں کھیلنے کے امکانات کو مزید روشن کر لیا ہے ۔ کوئٹہ نے سات وکٹ پر141رنز بنائے ۔ قلندرز نے ہدف14گیند پہلے دو وکٹ پر پورا کرلیا۔ کامران غلام نے نا قابل شکست39گیندوں پر55رنز ایک چھکے اورچار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ حفیظ نے حسان خان کو چھکا مارکر ہدف پورا کیا۔ عبداللہ شفیق19رنز بناکر مدثر کا شکار بنے۔ فخر زمان نے53رنز42گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلی تین گیندوں پرڈینجر مین جیسن رائے اور جیمز ونس کو آئوٹ کردیا۔ سرفراز احمد نے آکر پہلا رن بنایا لیکن وہ غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں رن آئوٹ ہوگئے۔ چوتھے اوور میں 20رنز پر تین وکٹ گرے۔ مشکل صورتحال میں افتخار احمد نے نصف سنچری بنائی۔ افتخار احمد 39 گیندوں پر 3چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ عمر اکمل 19گیندوں پر25رنز بناکر آئوٹ ہوئے انہوں نے ایک چھکا اور تین چوکے مارے۔ احسان علی کو راشد خان نے8رنز پر بولڈ کیا۔ حسان خان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی اورڈیوڈ ویزے نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔
اسپورٹس سے مزید