• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف کا مقدمہ ٹیسٹ کیس، نیب یہ تاثر زائل کرے کہ احتساب صرف منتخب نمائندوں کا ہوتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کو سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کے اثاثوں کی انکوائری سے متعلق کیس میں نیب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پرویز مشرف کی کل 29 جائیدادوں کی انکوائری مکمل کرکے ایک ماہ میں رپورٹ جمع کرادی جائے گی۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ پرویز مشرف کا مقدمہ ٹیسٹ کیس ہے، نیب یہ تاثر زائل کرے کہ احتساب صرف منتخب نمائندوں کا ہوتا ہے، پرویز مشرف مسلح افواج کا نمائندہ نہیں عوامی عہدہ رکھنے والا شخص ہے، نیب لوگوں کو جوابدہ ہے ان کا اعتماد بحال کرے، ہم نیب کی تفتیش میں مداخلت نہیں کریں گے، کسی کو عدالت میں سیاسی تقریر کی اجازت نہیں دیں گے.

چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کا آغاز کیا تو پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر 2018 میں ہی انکوائری شروع کر دی گئی تھی ، بیرون ملک سے ایم ایل اے کے جواب موصول ہونے کا انتظار ہے.

 ایم ایل ایز کے جواب ملنے پر کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا،چیف جسٹس نے کہا کہ نیب کی ذمہ داری ہے تاثر زائل کرے صرف منتخب نمائندوں کا احتساب ہوتا ہے ، پرویز مشرف مسلح افواج کا نمائندہ نہیں عوامی عہدہ رکھنے والا شخص ہے پرویز مشرف کا مقدمہ نیب کے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے، نیب لوگوں کو جوابدہ ہے ان کا اعتماد بحال کرے .

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کیخلاف کب تک انکوائری مکمل ہو سکتی ہے؟ نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ایک مہینے تک ہم رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کر دیں گے.

نیب پراسیکیوٹرکا مزید کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی کل 29 جائیدادوں کی انکوائری جاری ہے، اس دوران درخواست گزار کرنل (ر) انعام الرحیم نے موقف اپنایا کہ نیب کا جواب ان کی جانب سے تاخیر کا اعتراف ہے۔

اہم خبریں سے مزید