پشاور ( وقائع نگار )ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے اندرون شہر بازاروں میں تجاوزات قائم کرنے پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کرتے ہوئے دکانوں کو سیل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم نے اشرف روڈ،گھنٹہ گھر اور اندرون شہر دیگر بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے دکانوں سے باہر سامان رکھنے/ تجاوزات قائم کرنے پر 32 دکانداروں کوگرفتار کرتے ہوئے 06دکانوں کو سیل کر دیا۔واضح رہے کہ ان دکانداروں کو بار بار نوٹس دیے گئے تھے کہ وہ دکانوں سے باہر سامان نہ رکھیں لیکن ان پر کوئی اثر نہیں ہو رہا تھا جس پر کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم کے مطابق ان دکانداروںنے فٹ پاتھ اور سڑکوں پر تجاوزات قائم کی ہوئی تھیں اور پیدل چلنے والوں سمیت ٹریفک بھی ہر وقت جام رہتی تھی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے تمام انتظامی افسران کو بازاروں کا مسلسل دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور دکانوں سے باہر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کو جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے جبکہ گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔