اسلام آباد (جنگ رپورٹر) عدلت عظمیٰ نے ضلع قصورمیں گنے کے وار سے شہری کو زخمی کرنے والے نوجوان ملزم عابد کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ قصور کے رہائشی ملزم عابد پر 6 فروری 2021 کو تلخ کلامی پر شہری ساحل کو گنا مار کر اس کی ناک زخمی کرنے کا الزام ہے۔ ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ نے ملزم عابد کی ضمانت درخواست مسترد کر دی تھی۔ ملزم عابد نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے دائر درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ گنا مار کر دوسرے شخص کو کیسے شدید زخمی کیا جاسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گنا لگنے سے ناک زخمی ہوئی، ملزم عابد کی عمر بھی کم ہے اس چیز کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے۔ اس دوران پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عابد کی عمر زبانی پوچھی گئی جس کے مطابق 17 سے 18 سال عمر بتائی گئی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ ملزم نویں جماعت کا طالب علم ہے تو اس کی عمر کم ہی ہوگی۔ عدالت نے ملزم عابد کی ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے دائر درخواست منظور کر لی۔