راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس اور پتنگ بازوں کے درمیان جمعرات کی رات راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں آنکھ مچولی ہوتی رہی ۔ رات ساڑھے بارہ بجے تک 40ملزموں کو گرفتارکرکے پولیس سٹیشنوں میں منتقل کیاگیا، اس دوران اندرون شہر اورکینٹ کے مختلف علاقوں میں رات گئے پتنگ بازی ،ہوائی فائرنگ اورآتش بازی کاسلسلہ جاری رہا ، پولیس ملازمین شام سے رات گئے تک سڑکوں پر پتنگ بازوں کے پیچھے بھاگتے رہے ،پولیس نے پتنگ بازی کو روکنے کے لئے مختلف مساجدمیں اعلانات کروائے ،پولیس موبائل گاڑیوں میں نصب پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریعے بھی دن بھراوررات کو لوگوں کوپتنگ بازی سے بازرہنے اورقانون کوہاتھ میں لینے سے منع کیاجاتارہا پولیس موبائلزکی چھتوں پرسیڑھیاں رکھ کر ملازمین گلی محلوں میں گھومتے رہے ،بوقت ضرورت سیڑھی لگاکرمختلف چھتوں سے پتنگ بازوں کو پکڑاگیا ۔اس کے باوجود شہرکے مختلف علاقوں میں برقی قمقمے لگاکرمکانوں اوردیگرعمارتوں کی چھتوں سے پتنگ بازی اورہوائی فائرنگ کاسلسلہ جاری رہا۔ اس دوران پولیس نے بڑی تعدادمیں پتنگ بازوں اورپتنگیں فروخت کرنے والے ملزموں کو گرفتارکرکے پتنگیں اورڈوریں برآمدکیں اور ناجائز اسلحہ بھی قبضے میں لیاگیا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق رواں سال اب تک راولپنڈی پولیس ضلع بھرمیں 730ملزموں کو گرفتار کرکے ایک لاکھ سے زیادہ پتنگیں اور ڈوریں قبضہ میں لے چکی ہے ۔