• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی میں یورپ اور ایشیا کو جوڑنے والا پل تیار

انقرہ (نیوز ڈیسک) ترکی کے شہر چناق قلعہ (Çanakkale) میں آبنائے داردانل پر قائم دنیا کا سب سے بڑا معلق پُل (سسپنشن برج) استعمال کیلئے تیار ہے۔ یہ پُل یورپ اور ایشیا کو جوڑتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، ترک حکام کا کہنا ہے کہ پروجیکٹ کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے، وزارت ٹرانسپورٹ کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ پل آپریشنز کیلئے تیار ہے، افتتاح کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے تاخیر ہوئی بصورت دیگر یہ پل تین ماہ قبل افتتاح کیلئے تیار تھا۔ پُل کی تیاری پر تقریباً 3؍ ارب ڈالرز خرچ ہوئے ہیں۔ 4.6کلومیٹر طویل چناق قلعہ 1915پُل میں ایک ستون( پلر) سے دوسرے ستون تک کا فاصلہ 2023؍ میٹر ہے اور یہ دنیا کا سب سے بڑا معلق پُل ہے۔ یہ پل آبنائے داردنل کے دونوں کناروں کو جوڑتا ہے جس سے یہ یورپ اور ایشیا کو جوڑنے والا ایک اہم پل بن گیا ہے۔ پل کا تعمیراتی کام مارچ 2017ء میں شروع ہوا تھا اور سرکاری سطح پر دیکھا جائے تو ویژن 2023ء کے تحت اس پُل کا افتتاح مارچ 2022ء میں ہونا ہے۔ پُل کی خاص بات یہ ہے کہ اس پُل کے اہم حصے توپ کے گولوں کی طرز پر بنائے گئے ہیں، ایسا کرکے جنگ عظیم اول کی معروف جنگ ’’بیٹل آف گیلی پولی‘‘ کے شہداء کو خراج پیش کیا گیا ہے جبکہ پل کے ستونوں کے درمیان فاصلہ 2023میٹر رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ2023ء میں جمہوریہ ترکی اپنے قیام کی 100ویں سالگرہ منائیگا۔

یورپ سے سے مزید