راولپنڈی ( وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) 2ہفتے بعد بھی راولپنڈی کے 6پولیس سٹیشنوں میں ایس ایچ اوزکی تقرری نہیں ہوسکی ۔ ضلع بھرمیں سٹریٹ کرائم،موٹرسائیکل چوری اورگن پوائنٹ پرشہریوں کو لوٹنے کی بڑھتی ہوئیوارداتوں کے باوجود اہم پولیس سٹیشنوں میں ایس ایچ اوزکی عدم تعیناتی افسوس ناک اور حیرت انگیزہے ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب ذوالفقار حمید کی انکوائری کی بنیادپر ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن نے8فروری کو راولپنڈی کے سات پولیس سٹیشنوں کے ایس ایچ اوزکو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے ،جن ایس ایچ اوزکوتبدیل لائن کیاگیا تھا ان میں تھانہ پیرودھائی کے سب انسپکٹر راشدمحمودکیانی ،تھانہ رتہ امرال کے سب انسپکٹرشفقت علی ،تھانہ مندرہ کے سب انسپکٹرحسن رضا ،تھانہ مری کے سب انسپکٹر ندیم ظفر،تھانہ سول لائنزکے سب انسپکٹر ناصرممتازتھانہ کوٹلی ستیاں کے انسپکٹرذرالفقاراحمد اورتھانہ صدربیرونی کے سب انسپکٹرطاہراحمدریحان شامل ہیں ان تمام افسروں کو اس سے قبل31جنوری کی رات تعینات کیاگیاتھا اورمحض ایک ہفتہ کے اندر انہیںہٹادیاگیا ۔مذکورہ سات تھانوں میں سے صرف ایک تھانہ سول لائن میں گزشتہ روز ایس ایچ اوکی سیٹ پرسب انسپکٹر آصف سجادکی تقرری کی گئی ہے جب کہ دیگرچھ تھانے تاحال قائم مقام ایس ایچ اوزچلارہے ہیں ،ذرائع کاکہناہے کہ نئے ایس ایچ اوزکی تقرری کے لئے کئی روز سےسکروٹنی کاعمل جاری ہےلیکن ایس ایچ اوزکاانتخاب نہیں ہورہابعض پولیس افسروں نے اس سارے عمل پرحیرت کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ جس ضلع میں انسپکٹرکی 96اور سب انسپکٹر کی 628منظورشدہ اسامیاں ہوں وہاں دوہفتے بعدبھی 6ایس ایچ اوز کی سلیکشن نہ ہوسکنا افسوس ناک امر ہے ۔