• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، صوفیہ مرزا کی بچیوں کو واپس لانے کا عمل تیز کرنیکا حکم

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے معروف ماڈل صوفیہ مرزا کی دو بچیوں کی متحدہ عرب امارات سے واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کر تے ہوئے وزارت خارجہ کوانکے سابق شوہر و ملزم عمر فاروق اور بچیوں کی پاکستان واپسی کا عمل تیز کرنے کا حکم جاری کیا ہے،جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے سوموار کے روز کیس کی سماعت کی تو فاضل عدالت نے سیکرٹری خارجہ کوبچیوں کی واپسی اور یو اے ای حکام سے رابطے کیلئے کسی قابل افسر کے ذریعے معاونت کی ہدایت کی،جسٹس مقبول باقر نے ریما رکس دیئے کہ ملزم نے بچیوں کی حوالگی کے حوالے سے اجمان کی مقامی عدالت سے فیصلہ لے رکھا ہے،اب سوال یہ ہے کہ مقامی عدالت کے فیصلے کے بعد سفارتی کوششوں کی کیا اہمیت ہوگی ؟دوران سماعت درخواست گزار صوفیہ مرزا نے عدالت سے بچیوں کی بازیابی کیلئے ایف آئی اے کو متحدہ عرب امارات ٹیم بھیجنے کی ہدایت جاری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی ٹیم کے علاوہ بچیوں کی واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہو گا، عدالت نے سوال اٹھایا کہ کیا ٹیم تشکیل دے کربچیوں کو واپس لایا جاسکتا ہے؟جس پر سیکرٹری خارجہ نے عدالت کو بتایا کہ یو اے ای حکام کو اعتماد میں لے کر ہی بچیوں کو لایا جا سکتا ہے،بچیوں کی واپسی کیلئے اجمان کی مقامی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنا لازمی ہے،انہوں نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ 22 اپریل تک مقامی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا جا سکتا ہے،دوران سماعت ڈپٹی سیکرٹری وزارت داخلہ نے عدالت کو رپورٹ پیش کی کہ ایف آئی اے کی ٹیم کی تشکیل کی سمری آج ہی وزارت داخلہ سے منظوری کے بعد وزیراعظم کی منظوری کے لئے بھیج دی جائے گی، بعد ازاںعدالت نے بچیو ں کی واپسی کے اقدامات کو مزید تیز کر نے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔
اسلام آباد سے مزید