• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ہائیکورٹ، مردان کے دس ملازمین کی برطرفی، ڈی جی لوکل گورنمنٹ طلب

پشاور(نمائندہ جنگ)پشاورہائیکورٹ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس میاں عتیق شاہ پر مشتمل بنچ نے لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ مردان میں تقرری کے فورا بعد 10ملازمین کو برطرف کرنے کیخلاف دائر رٹ پر ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ کو عدالت طلب کرلیا،جسٹس روح الامین نے استفسار کیا کہ حکم نامے غیرقانونی جاری ہوئےتو متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیخلاف کیا کارروائی کی؟، درخواست گزار مسعود شاہ وغیرہ کی رٹ پر سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل علی گوہردرانی نے عدالت کو بتایا کہ انکے موکلوں کو کلاس فور کے عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا تاہم چند روز کے بعد انکی تقرری کا حکم نامہ منسوخ کیا گیاجو غیرقانونی ہے ، درخواست گزار ایم پی اے جمشید خان مہمند کے حلقے سے تعلق رکھتے ہیں جو حزب اختلاف سے ہیں ، سیاسی انتقام کی وجہ سے انکے حلقے کے افراد کو ہٹایاگیا ، دوسری جانب وکیل سرکار نے بتایا کہ جو میٹنگ منٹس آئے تھے ان میں درخواست گزاروں کا ذکر ہی نہیں اور صرف ایک آصف نامی درخواست گزار کی تقرری کی سفارش کی گئی ، جسٹس روح الامین نے کہا کہ کس طرح پھر آپ لوگوں نے اسکو ہٹایاہے، اگر یہ حکم نامے غیرقانونی طور پر جاری ہوئے ہیں، تو آپ لوگوں نے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کےخلاف کیاکارروائی کی ؟ بعدازاں عدالت نے ڈی جی لوکل گورنمنٹ کو عدالت طلب کرتے ہوئے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔
ملک بھر سے سے مزید