اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، اس کی بیوقوفی سے کوئی بڑاحادثہ ہو سکتا ہے ، کوئی انتشار و خلفشار پیداہوا تو اپوزیشن اس کی ذمہ دار ہو گی، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کا شوق پورا کرلے‘ اس کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا عمران خان سرخرو ہو گا‘ تحریک عدم اعتماد لانی ہے تو پہلے اپنے نمبرپورے کرلیں۔
ایسا نہ ہوکہ بعد میں الزام لگائیں کہ فون آ گیا یا کورونا کی وجہ سے بندے نہیں آ سکے‘ عمران خان اور جہانگیرترین پرانے ساتھی ہیں‘ دوستوں میں اختلافات ہو جاتے ہیں‘میرا حکومت کو مشورہ ہے کہ اگر جہانگیر ترین سے بات کی جائے تو وہ ذمہ داری کا ثبوت دیں گے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں‘سندھ حکومت اگر کہے تو رینجرز کی تعداد بڑھانے کے لئے تیار ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جو بھی تعاون مانگیں گے فراہم کیا جائے گا اگر وہ کہیں گے تو تھانوں میں بھی رینجرز تعینات کرنے کے لئے تیار ہیں۔
کراچی میں حالات ناگفتہ بہ ہیں اس کا کوئی بھی نتیجہ نکل سکتا ہے ۔ لگتا ہے وہاں کوئی قانون نہیں رہا‘ اپوزیشن نے اگر اپنے کارڈ چھپائے ہوئے ہیں تو یاد رکھیں کہ عمرا ن خان اپنے کارڈ چھاتی سےلگا کر کھیلتاہے۔