کراچی (جنگ نیوز)دبئی میں پاکستانی کاروباری افراد کے ادارے پاکستان برنس کونسل کے ڈائریکٹر اور سینرجی گروپ کے چیئرمین عمران چوہدری نے کہا ہے کہ موسم گرما میں 200سے 300 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری خطہ گلگت لیکر جائیں گے۔ عمران چوہدری گلگت بلتستان کے وزیراعلی خالد خورشید کے اعزاز میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ عمران چوہدری نے کہا کہ دبئی میں سرگرم پاکستان کے کاروباری افراد کا وفد عید کے بعد گلگت جائے گا جہاں سرمایہ کاری اور منافع کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ تقریب کا اپتمام پاکستان بزنس کونسل دبئی اور سینرجی گروپ کے چیئرمین عمران سعید چوہدری نے کیا تھا۔ وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ خطہ گلگت میں ٹیکس کی چھوٹ بھی ہے اور کم سرمایہ کاری سے زیادہ منافع کمانے کا موقع بھی موجود ہے۔خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کا ارادہ بھی ہے اور منصوبہ بھی کہ خطے کی اپنی ائرلائن کا آغاز کیا جائے جو خطے کو نہ صرف مشرق وسطی ٰسے ملائے بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں جیسے کہ آذربائیجان، ازبکستان، ترکمانستان کو براہ راست خطہ گلگت سے منسلک کردے۔گلگت بلتستان کے وزیرسیاحت راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ اسکرود اب بین الاقوامی ائرپورٹ بن چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سال موسم گرما میں دبئی سے اسکردو براہ راست فلائٹس کا آغاز ہوجائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ دبئی کی بجٹ ائرلائن جلد اسکردو کیلئے فلائٹس کا آغاز کرے گی جس کیلئے بات چیت آخری مراحل میں ہے