اسلام آباد(خصوصی رپورٹ،این این آئی) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے رینٹل پاور کرپشن میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، سابق سیکرٹری شاہد رفیع، طاہر بشارت چیمہ کیخلاف نوڈیرو پاوور پلانٹ ریفرنس خارج کردیا۔ بدھ کو عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواستیں منظور کرنے اور ریفرنس خارج کرنے کا حکم سنادیا،ریفرنس میں مجموعی طور پر 10ملزمان نامزد کیے گئے تھے،دو ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے تھے، ایک ملزم انتقال کرگیا تھا، دریں اثنامسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کی نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس میں بریت کی درخواست مسترد ہو گئی۔بدھ کو احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی احسن اقبال کی نیب ریفرنس سے بریت کی درخواست پر پہلے سے محفوظ فیصلہ سنایا۔ یاد رہے کہ نیب نے احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کی تعمیر میں اختیارات کے غلط استعمال کا ریفرنس دائر کر رکھا تھا جس کے خلاف سابق وفاقی وزیر نے بریت کی درخواست دائر کی تھی۔