کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رشید الحسن نے خود پرعائد دس سالہ پابندی پر قانونی جنگ شروع کرتے ہوئے پی ایچ ایف کو معافی اور 25 کروڑ ہرجانے کانوٹس بھیج دیا ۔ نوٹس میں ان پر پابندی اور خبریں چلوانے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ فیڈریشن نے ایسا نہ کیا تو ان کے کے پاس عدالت جانے کا اختیار ہوگا۔فیڈریشن صدر برگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر کو بھیجے گئے نوٹس میں موقف اختیار کیا کہ فیڈریشن کو رکن یا عہدیدار کے علاوہ کسی عام شہری سے وضاحت مانگنے کا اختیار نہیں، ان حقائق کے باوجود یکم فروری 2022 کو رشید الحسن پر 10 سال پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔