دبئی (سبط عارف) گلگت بلتستان حکومت نے خطے میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے، انفرااسٹرکچر کی تعمیر اور مہمان نوازی اور سیاحت کے فروغ کے لیے 2 ارب ڈالرز سے زائد کے 25 معاہدوں پر دستخط کردئیے۔ دبئی میں منعقدہ گلگت بلتستان سرمایہ کاری کانفرنس میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ کانفرنس کا اہتمام دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین میں گلگت بلتستان کے مہینے کے حوالے سے کیا گیا تھا۔ متحدہ عرب امارات، امریکا، یورپ اور سعودی عرب گروپس کے سرمایہ کاروں نے پورے خطے میں سیاحتی زونز، پاور جنریشن، آئی ٹی سیکٹر اور فوڈ پروسیسنگ زونز میں سرمایہ کاری کرنے کا عہد کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے مطابق سیاحت، توانائی اور بجلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انفرااسٹرکچر کی ترقی، پانی کے تحفظ کے منصوبوں نے کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا۔