کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس عمرعطاء بندیال نے کہا ہے کہ سیاسی لوگ الیکشن جیتا کریں نہ کہ مخالفین کو نااہل کرایا کریں، انہوں نے واضح کیا کہ آرٹیکل62ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کو بھول جائیں۔ سپریم کورٹ نے پی کے 74 بنوں سے رکن اسمبلی شاہ محمد کی نااہلی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پرخارج کردی۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ درخواست گزشتہ اسمبلی کی مدت کیلئے تھی جو اب ختم ہوچکی ہے، آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق صرف ٹرائل کے بعد ہی ہو سکتا ہے۔ آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق چاہتے ہیں تو مجازعدالت سے رجوع کریں۔
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ جس اسمبلی نشست کا تنازع تھا اس کا دورانیہ مکمل ہو چکا، آئندہ الیکشن میں اگرمعاملہ سامنے آئے تو متعلقہ فورم پراٹھایا جاسکتا ہے۔ وکیل درخواست گزار نے اثاثے چھپانے پر پی ٹی آئی ایم پی اے کیخلاف 62 ون ایف کے تحت ناہلی کی درخواست دائر کررکھی تھی۔
وکیل کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر تاحیات نااہلی کیخلاف ہوں، عدالت اجازت دے تو درخواست واپس لینا چاہتا ہوں۔