• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بنانے کا مطالبہ ہمارے سامنے نہیں رکھا گیا، عطاء تارڑ

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظورنے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس اتحادیوں کے علاوہ بھی نمبرز پورے ہیں،پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے اور دیگر کئی چیزوں پر فیصلہ ن لیگ نے کرنا ہے،شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی کی آراء مختلف ہیں فیصلہ نواز شریف کریں گے۔

وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاداقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما عطاء تارڑ، وفاقی وزیر علی زیدی اور یوکرین میں پاکستانی سفیر نول کھوکھر سے بھی گفتگو کی گئی۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے کسی بھی حد تک جانےکو تیار ہیں، پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے جیسا کوئی مطالبہ آفیشلی ہمارے سامنے نہیں رکھا گیا، شیخ رشید کا میڈیا پر آکر وزیراعظم کو مشورہ دینے کا مطلب عمران خان ان کی بات نہیں مان رہے۔علی زیدی نے کہا کہ سندھ حقوق مارچ کا اعلان کافی پہلے کردیا تھا، ہم نے عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے، بلاول کوبھٹو بولنا چھوڑ دیں وہ بھٹو نہیں زرداری ہے۔

یوکرین میں پاکستانی سفیر نول کھوکھر نے کہا کہ یوکرین میں موجود تمام پاکستانی شہری اور طلباء خیریت سے ہیں، یوکرین سے تقریباً چار سو پاکستانیوں کو پولینڈ اور رومانیہ بھیجنے کی کوشش کررہے ہیں، یوکرین میں تقریباً تین ہزار طالب علم تھے جس میں زیادہ تر ہماری ایڈوائس پر چلے گئے تھے، باقی رہ جانے والے طلباء مختلف شہروں میں ہیں انہیں باہر نکال رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظورنے کہا کہ اس وقت کوئی فیصلہ نہیں ہوا تمام چیزیں ہوا میں ہیں، آئندہ چند دنوں میں پتاچل جائے گا کیا باتیں طے ہوئی ہیں، تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بھی بات جلد سامنے آجائے گی، پرویزالٰہی سے آصف زرداری کے علاوہ شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کی بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید