• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو اپنے 15سالہ حکومت کا حساب دیں، شاہ محمود قریشی

کراچی، لاہور، اسلام آباد، کشمور، سکھر (بیورو رپورٹ، نامہ نگاران) پاکستان تحریک انصاف کا پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کیخلاف ’’سندھ حقوق مارچ‘‘ جاری ہے، مارچ کے شرکاء آج جیکب آباد میں قیام کرینگے۔ شکار پور میںمارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین و وزر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ساڑھےتین سال کا حساب دینے کو تیار ہیں لیکن بلاول بھٹو اپنے 15سالہ حکومت کا بھی حساب دیں۔

 دوسری جانب وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب اور وزیرتوانائی حماد اظہر نے پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو اپنے باپ آصف زرداری کی لوٹی دولت بچانے کیلئے نکلے ہیں، سنا ہے بندے نہیں ٹوٹے تو چند سوداگروں نے ریٹ بڑھا دیا تھا، جھوٹوں اور لٹیروں کا لانگ مارچ شروع ہونے کے ساتھ ہی ختم ہو گیا، جب تک زرداری مافیا سے نجات نہیں ملتی سندھ کو اس کا حق نہیں مل سکتا۔

تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ میں مارچ کےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام اب فیصلہ کرچکے ہیں،بلے کو جتوائینگے، اب سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت اور عمران خان کا جھنڈا لہرائے گا، مایوس نہیں ہوں، 2023میں زرداری اور بلاول کا مقابلہ کرنے تھرپار جاؤں گا۔

 اسد عمر نے کہا کہ زرداری صاحب سن لیں عمران خان نےبلا اُٹھا لیا ہے، جلد آپ کو بھگائے گا، آپ کچھ بھی کریں ہم5سال پورےکرینگے، وفاقی حکومت کہیں نہیں جارہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کے ایک وزیر نے عمران خان کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے، جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ باکردار انسان ہے، شیطانی ذہنیت آپکی ہوسکتی ہے مگر عمران خان کی نہیں، عمران خان نے پیسےجمع کئے اور کینسر کے مریضوں کیلئے اسپتال بنایا، نوجوانوں کیلئے نمل یونیورسٹی ایک دیہاتی علاقے میں بنائی گئی،شیطان وہ ہے جو ملکی خزانے کو لوٹتا، غریبوں پر ظلم ڈھاتا ہے.

شیطان وہ ہے جو زمینوں پر قبضہ کرتا اور چاردیواری کو پامال کرتاہے، عمران خان کیخلاف نازیبا الفاظ پر سندھ کے وزیر کو میرا یہ جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ دھرتی کو کہہ رہا ہوں تیاری کرلو،2023 میں پھر الیکشن میں آؤں گا۔

 شاہ محمود نے کہا کہ آج بلاول بھٹو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کررہے ہیں، ساڑھے 3 سال کی حکومت پر عمران خان سے حساب لینے جارہے ہیں، تم 15 سال کا حساب دو اور عمران خان بھی حساب دیا، میڈیا پر کھلی دعوت دیتا ہوں، زرداری حساب دو تم نے سندھ کے ساتھ کیا کیا، سندھ محروم ہے، کند ھ کوٹ کے لوگو، آزادی چاہیے یا غلامی اب سندھ کی عوام میں تبدیلی دیکھ رہا ہوں اور آنے والے الیکشن میں عوام تحریک انصاف کو کامیاب کرائیں گے۔

قبل ازیں سندھ حقوق مارچ کے دوسرے روز مارچ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر علی زیدی کی قیادت میں حقوق سندھ مارچ سکھر سے روانہ ہوکر شکارپور کے علاقے لکھی غلام شاہ پہنچ گیا، جہاں جی ڈی اے رہنما ایم این اے غوث بخش خان مہر کی جانب سے جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔

جلسے سے شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نرنندرمودی اور بلاول بھٹو کو پیغام دینے آیا ہوں ہم احتساب سے گھبرانے والے نہیں ہیں، سندھ کے عوام سے محبت میرے خون میں ہے 3سال پہلے بھارت نے جارحیت کی، ہم نے بھی ابھی نندن کوچائے پلاکر واپس بھیجا ہمارا وزیر اعظم گھبراتا نہیں ہے، سوچ کر پاکستان کی طرف آنکھ اٹھانا آج وہ نہیں جو تمہیں ساڑھیاں پیش کرینگے، کراچی کے لوگوں کو دن دیہاڑے گن پوائنٹ پر لوٹا جارہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید