• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مری بھولنے نہیں دیں گے، لاہور ہائیکورٹ

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سانحہ مری کے حوالے سے کیسز کی سماعت کرتے ہوئے تبدیل ہونے والے انتظامی و پولیس افسران کی تفصیلات ،وجوہات اور تبدیلی کے طریقہ کار کے بارے رپورٹ طلب کرتے ہوئےکہا کہ اگر رپورٹ پیش نہ ہوئی تو چیف سیکرٹری پنجاب کو خود پیش ہونا پڑے گا۔عدالت عالیہ نے مری میں محکمہ موسمیات کی 5 جنوری کی پیش گوئی پی ڈی ایم پنجاب کو بھجوانے کا واٹس ایپ ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔ تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی اور اے سی مری عمر مقبول کو کنٹونمنٹ حکام مری کی طرف سے دئیے گے اچھی کارکردگی کے سرٹیفکیٹس بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ۔مری ٹریڈرز ،ہوٹل ایسوسی ایشن اور مری کے شہریوں کی رٹ پر سردار شبیر ایڈووکیٹ کے دلائل مکمل ہوگئے،دوران سماعت جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سردار شبیر ایڈووکیٹ کی طرف سے5 جنوری کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مری بارے ٹویٹ کے حوالے پر کہا کہ جب خود ہی لوگوں کوراہ دکھا رہے ہیں تو پھر زمہ داری قبول کرکے سامنے بھی آنا چاہیے۔لوگوں کو تختہ مشق نہیں بنانا چاہیے۔غلطی تسلیم کریں۔لوگوں کے کیرئر تباہ نہ کریں۔عدالت عالیہ نے دوران سماعت قرار دیا کہ ان ہی نے انکوائری کی جن کا قصور تھا۔لوگ مرگئے۔عوام اور اس ملک کا مقدر ہی ایسا ہے کہ ہم دو دن بعد واقعہ بھول جاتے ہیں۔ملک ٹوٹنے تک کو بھول چکے ہیں،سانحہ مری بھولنے نہیں دیں گے۔اپنی 4 مرلہ زمین کیلئے ساری زندگی لڑائی لڑتے ہیں لیکن ملکی مفاد کو کبھی فوقیت نہیں دیتے۔انتظامی حال یہ ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز ہمیشہ مارچنگ آڈرز پر رہتے ہیں۔ہر افسرانڈر پریشر ہے۔آج پچاس سال پہلے والی صورتحال نہیں کہ ایک تار بھیج کر بیٹھ جائیں۔جدید ٹیکنالوجی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے کیا ایس او پی ہیں۔کیا پیش گوئی کے بعد جاکر انتظامی افسران کو جھنجھوڑنا بھی ہے کہ اٹھیں اور تیاری کریں۔بنیا دی زمہ داری صوبائی وڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تھی۔ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔جب باقی کام واٹس ایپ پر چل رہے ہیں تو محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد کیا اقدامات اٹھائے گے تھے۔ افسران کی تبدیلی کے لئے ایک طریقہ کار ہے۔دیکھنا ہے اس پر عمل کیا گیا ہے۔رپورٹ نہ دی گئی تو پھر چیف سیکرٹری خود پیش ہوگے نہ آئے تو وارنٹ جاری کرکے لایا جائے گا۔قوم کو اپنے لالے پڑے ہوئے ہیں۔یوکرائن میں پھنسے پاکستانی طالب علموں کے بیانات دیکھ لیں۔
اسلام آباد سے مزید