میرپورخاص، سانگھڑ، حیدرآباد ( نامہ نگاران، اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا مارچ بے جان اور پلپلا ہے.
وزیر اعظم عمران خان کا نظریہ سندھ کے عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلا سکتا ہے، بلاول جہاں جاتے ہیں شہر کیوں بند کرا دیتے ہیں، اگر عوامی مارچ ہے تو عوام کو اس سے کیوں دور رکھا جارہا ہے، لوٹی دولت واپس لانے کیلئے عمران خان کا کوئی ساتھ نہیں دے رہا،بلاول زرداری صرف اندرون سندھ کے ووٹوں سے وزیراعظم نہیں بن سکتے، سندھ میں رابطہ مہم ہمارا حق ہے، روک سکو تو روک لو، سندھ سے ظلم وزیادتی، معاشی ناانصافی کے خاتمہ کیلئے سندھ کے عوام کو ہمت کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانگھڑ، میرپور خاص و دیگر شہروں میں ’’سندھ حقوق مارچ‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جلسہ سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر اوروفاقی وزیر سید علی زیدی،سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ،ارباب غلام رحیم،ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص کے ضلعی انچارج خالد تبسم نے بھی خطاب کیا۔ علی زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خاندانی آدمی ہیں ، آصف زرداری نے کبھی بھی روڈ پر لوگوں سے ہاتھ نہیں ملایا ۔
سانگھر پریس کلب کے سامنے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہو ئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سندھ میں تبدیلی آرہی ہے اب پیپلز پارٹی کو دھاندلی نہیں کرنے دی جائیگی۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنا فلسفہ دو لفظوں میں بیان کردیا ہے امریکا نے پاکستان سے فوجی اڈے مانگے تو وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک انکار کردیا اور پاکستان کی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دی وہ جرات مند حکمراں ہیں۔