اسلام آباد / راولا کوٹ (نیوز ایجنسیز / نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کا آئینی پیکیج حتمی مراحل میں ہے ، گلگت کو آئینی صوبہ بنانے کے بل کا ڈرافٹ تیار کرلیا ، ایسا اقدام نہیں کریں گے جس سے مسئلہ کشمیر متاثر ہو۔ جبکہ جماعت اسلامی آزادکشمیر نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دینے کے اقدام کے خلاف کل ریاست گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ کا درجہ دینے کی بجائے انہیں بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں اور آزادکشمیر طرز پر ریاست کا درجہ دیا جائے ۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی اور وزرأ کے ہمراہ جی بی ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی گلگت بلتستان بیرسٹرخالد خورشید نے کہا کہ عبوری صوبہ پر جلد جی بی اسمبلی سے متفقہ قرارداد پاس کی جائے گی،ایسا اقدام نہیں کرینگے جس سے مسئلہ کشمیر متاثر ہو۔